لاہور: جنوبی افریقہ کرکٹ ٹیم کے سٹار کھلاڑی عمران طاہر کوپاکستان جونیئر لیگ کے مینٹورز میں شامل کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے اور انہیں ایک کروڑ روپے سے زائد معاوضہ ادا کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین رمیز راجہ کا ڈریم پراجیکٹ ’جونیئر لیگ‘ یکم اکتوبر سے شروع ہو گا جس کیلئے گزشتہ دنوں جاوید میاندادکو لیگ جبکہ شاہد آفریدی، شعیب ملک اور ڈیرن سیمی کو ٹیموں کا مینٹور مقرر کیا گیا تھا۔
ذرائع کے مطابق ان تمام مینٹورز کو 50,50 ہزار ڈالرز (ایک کروڑ روپے سے زائد) معاوضہ دیا جائے گا جبکہ تین ٹیموں کے مینٹورز کا تقرر ہونا ابھی باقی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جنوبی افریقہ کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی عمران طاہر سے بھی پی سی بی کے معاملات طے پا چکے ہیں اور بھی ایک ٹیم کیلئے بطور مینٹور فرائض سرانجام دیں گے جبکہ انہیں 45 ہزار ڈالرز معاوضہ ادا کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ عمران طاہر کا تعلق لاہور سے ہے جو بہتر مستقبل کی تلاش میں جنوبی افریقہ منتقل ہو گئے تھے جہاں انہوں نے جنوبی افریقہ کی قومی کرکٹ ٹیم کیلئے 20 ٹیسٹ، 107 ون ڈے اور38 ٹی 20 میچز کھیلے۔