لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماءاور نو منتخب وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق حمزہ شہباز شریف کی بطور وزیراعلیٰ پنجاب حلف برداری کی تقریب گورنر ہاؤس میں ہوئی جہاں گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے ان سے حلف لیا۔
حلف برداری تقریب میں پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنماؤں نے شرکت کی جبکہ حمزہ شہباز شریف کی جانب سے حلف اٹھائے جانے کے بعد کارکنان نے نعرے بازی بھی کی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان مسلم لیگ (ن) کے امیدوار حمزہ شہباز شریف دوبارہ وزیراعلیٰ پنجاب منتخب ہوئے اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے امیدوار پرویز الٰہی کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
گزشتہ روز ہونے والی ووٹنگ کے نتیجے کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے امیدوار چوہدری پرویز الٰہی کو 186 ووٹ ملے جبکہ حمزہ شہباز شریف نے 179 ووٹ حاصل کئے۔
ووٹنگ کا عمل مکمل ہونے کے بعد ڈپٹی سپیکر دوست مزاری نے پاکستان مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین کا خط پڑھ کر سنایا جس میں انہوں نے (ق) لیگ کے ارکان کو حمزہ شہباز کو ووٹ ڈالنے کی ہدایت کی تھی۔
ڈپٹی سپیکر نے کہا کہ اس خط کے مطابق سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں (ق) لیگ کے جتنے بھی ووٹ کاسٹ ہوئے وہ مسترد ہوتے ہیں اور میں اعلان کرتا ہوں کہ 10 ووٹ ختم ہونے کے بعد حمزہ شہباز وزیراعلیٰ پنجاب منتخب ہو گئے ہیں۔
حمزہ شہباز شریف نے وزارت اعلیٰ کا حلف اٹھا لیا
08:32 AM, 23 Jul, 2022