شہباز شریف کا نور مقدم کے قتل پر گہرے دکھ کا اظہار، فوری انصاف کا مطالبہ

08:28 PM, 23 Jul, 2021

لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے نور مقدم کے قتل پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے متاثرہ خاندان کو فوری انصاف فراہم کرنے کا مطالبہ کر دیا ۔

اپنی ٹویٹ میں شہباز شریف نے کہا کہ عورتوں سے نفرت اور مردانہ برتری کے منفی رویوں سے خواتین کے خلاف حالیہ واقعات کو شہہ ملی ہے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایک بیٹی نور کے بہیمانہ قتل پر پھیلائی گئی غلط اور گمراہ کن اطلاعات دیکھ کر دلی صدمہ اور دکھ ہوا ۔ اصل حقیقت یہ ہے کہ انتہائی سفاکی سے ایک جوان بچی کو زندگی سے محروم کر دیا گیا ۔ حکمران تمام متاثرہ خاندانوں کو فوری انصاف کی فراہمی کا اپنا فرض پورا کریں ۔

اس سے قبل نور مقدم کے قتل پر تبدیلی سرکار کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا تھا کہ اس حکومت نے ملک کو خواتین کے لئے غیر محفوظ بنا دیا ہے ۔ اس حکومت نے خواتین کی حفاظت اور وقار کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے ۔

اپنی ٹویٹ میں مریم نواز نے کہا کہ اُن کا دل نور مقدم اور ملک کی تمام بیٹیوں کے ساتھ ہونے والے ظلم و زیادتی پر غمزدہ ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کی نااہلی کے باعث خواتین اس ملک میں غیر محفوظ ہوگئیں ہیں ۔

مزیدخبریں