افغانستان میں نئی حکومت خواتین کے حقوق کا خیال رکھے گی: ترجمان طالبان

07:55 PM, 23 Jul, 2021

قطر: ترجمان طالبان سہیل شاہین کا کہنا ہے کہ افغانستان میں قائم ہونے والی نئی حکومت میں خواتین کو ہر طرح کی آزادی حاصل ہو گی ، اُن کو تعلیم حاصل کرنے کے ساتھ کام کرنے کی بھی اجازت ہو گی ۔

انٹرنیشنل میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے سہیل شاہین کا کہنا تھا کہ افغانستان میں آئندہ حکومت خواتین کو سیاست میں شامل کرے گی اور خواتین کو گھر سے نکلنے کیلئے مرد سربراہ کی ضرورت پیش نہیں آئے گی ۔

انہوں نے مزید کہا کہ جب تک اشرف غنی حکومت میں ہیں طالبان ہتھیار نہیں ڈالیں گے ، افغانستان میں قیام امن کیلئے قابل قبول نئی حکومت بہت ضروری ہے ۔

واضح رہے کہ پاک افغان سرحد پر افغان علاقے میں طالبان نے چمن کے بعد اریوب زازئی کی چیک پوسٹوں پر قبضے کا دعویٰ کر دیا ۔

افغان طالبان نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان سے ملحقہ صوبے پکتيا کے علاقے اریوب زازئی کی چیک پوسٹوں پر قبضہ کرچکے ہیں ، افغان سیکیورٹی فورسز کے اہلکار چوکیاں چھوڑ کر بھاگ گئے ۔

چند روز قبل ، طالبان نے پاک افغان سرحد کے ساتھ ملحقہ گزرگاہ 'اسپن بولدک' پر قبضہ کرکے افغان فورسز کو پسپا کردیا تھا ۔

مزیدخبریں