راج کندرا کیس، ممبئی پولیس کا اداکارہ شلپا شیٹی کے گھر پر چھاپہ

06:12 PM, 23 Jul, 2021

نیو دہلی: راج کندرا کیس کے سلسلے میں ممبئی کرائم برانچ کی ٹیم نے بالی ووڈ اداکارہ شلپا شیٹی کے گھر پر چھاپہ مارا ہے ۔

فحش فلموں کی تیاری سے متعلق تحقیقات کے دوران یہ ٹیم شوہر راج کندرا کے ساتھ اداکارہ کی جوہو رہائش گاہ پر پہنچی ۔

واضح رہے کہ اس سے قبل پولیس نے راج کندرا کیس میں اداکارہ شلپا شیٹی کو طلب نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا کیونکہ اس معاملے میں اداکارہ کا کوئی فعال کردار تلاش نہیں کیا جا سکا تھا ۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق عدالت نے فحش فلمیں بنانے کے کیس میں مرکزی ملزم راج کندرا کو 27 جولائی تک پولیس کی تحویل میں دیدیا ہے ۔ شوہر کی گرفتاری کے بعد توقع کی جارہی تھیں کہ شلپا شیٹھی کو بھی جلد ہی طلب کیا جائے گا اس سلسلے میں ہی ممبئی کرائم برانچ نے شلپا کے گھر چھاپہ مارا ہے ۔ ممبئی پولیس کا کہنا ہے کہ راج کندرا کیس میں تحقیقات جاری ہیں ۔

خیال رہے کہ پولیس نے ملزم راج کندرا کے گھر پر چھاپہ مار کر 70 سے زائد عریاں ویڈیوز سمیت سرور کو بھی ضبط کیا تھا ۔

45 سالہ راج کندرا سمیت دیگر 11 لوگوں کو فحش فلمیں بنانے اور پھر موبائل ایپس پر پھیلانے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے اور اس حوالے سے پولیس کا دعویٰ ہے کہ راج کندرا کم سے کم دو برس سے فحش فلموں کا کام کر رہے تھے ۔

مزیدخبریں