کراچی: صوبہ سندھ میں کورونا وائرس کے بڑھتے کیسوں کے پیش نظر حکومت نے تمام تعلیمی ادارے، شادی ہالز اور ریسٹورنٹس کی بندش جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پابندیوں میں توسیع کا اطلاق 26 جولائی بروز پیر سے ہوگا۔
یہ اہم فیصلہ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کے زیر صدارت ہونے والے ایک اہم اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ صوبہ بھر کے تمام تعلیمی اداروں کی بندش جاری رہے گی تاہم بورڈز کے تحت ہونے امتحانات شیڈول کے مطابق ہوں گے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 26 جولائی سے شاپنگ مالز، مارکیٹس اور بازار صبح 6 بجے سے شام 6 بجے تک کھلے رہیں گے جبکہ پرچون کی دکانیں، بیکری اور میڈیکل سٹورز پر کوئی پابندی نہیں ہوگی۔
اس کے علاوہ پیر سے انڈور اور آوَٹ ڈور ریسٹورنٹس دونوں بند ہوں گے، انھیں صرف ٹیک آووے کی اجازت ہوگی۔
تمام مزارات کو بھی بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ہفتے میں 2 دن تمام مارکیٹیں بھی بند رکھی جائیں گی جس کے لیے جمعہ اور اتوار کو محفوظ دن قرار دیا گیا ہے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا سرکاری اور نجی سیکٹر میں 50 فیصد اسٹاف حاضر ہوگا۔ تمام فیصلوں پر پیر سے عملدرآمد کرایا جائے گا۔