وفاقی وزیر الیکشن کمیشن کے حکم کی دھجیاں اڑا رہے ہیں: شیری رحمان

12:14 PM, 23 Jul, 2021

اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی نائب صدر و سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ وفاقی وزیر الیکشن کمیشن کے حکم کی دھجیاں اڑا رہے ہیں، انہوں نے الیکشن کمیشن کی توہین کی ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی نائب صدر و سینیٹر شیری رحمان نے اپنے بیان میں کہا کہ مذکورہ وفاقی وزیر آزاد کشمیر سے نکل جانے کے حکم کے باوجود جلسوں میں شرکت کرتے رہے۔ وفاقی وزیر امور کشمیر نے الیکشن کمیشن اور انتخابی عمل کی توہین کی، الیکشن کمیشن کے حکم کے بعد ان کو کشمیر سے نکل جانا چاہئے تھا۔ 
شیری رحمان کا کہنا تھا کہ پابندی کے باوجود وزیر کی جلسوں میں شرکت الیکشن کی شفافیت پر سوالیہ نشان ہے، انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں پر وزیراعظم پاکستان عمران خان خاموش رہے۔ 
انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے چیف الیکشن کمشنر کے خط کا جواب تک نہیں دیا، کیا یہ ہے نئے پاکستان میں الیکشن کا معیار؟ ان کا مزید کہنا تھا کہ کشمیر الیکشن وفاقی حکومت کیلئے عام انتخابات کا ٹیسٹ کیس ہو گا، وفاقی حکومت کشمیر کے انتخابات کو متنازع بنا رہی ہے۔

مزیدخبریں