لاہور: پاکستان پیپلز پارٹی کی سینئر رہنما اور سینیٹر شیری رحمان نے لاہور پولیس پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اداکار محسن عباس کے اہلیہ پر تشدد کے خلاف ایف آئی آر کیوں نہیں درج کی جا رہی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک بیان میں سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ لاہور کے سرور روڈ پولیس اسٹیشن میں محسن عباس حیدر کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے سے کیوں انکار کیا جا رہا ہے۔
شیری رحمان نے مزید لکھا کہ پولیس اسٹیشن میں فاطمہ سہیل سے تشدد کی میڈیکل رپورٹ کیوں طلب کی جا رہی ہے جبکہ دفعہ 506 بی اور 406 پی پی سی کے تحت کسی قسم کی میڈیکل رپورٹ کی ضرورت نہیں پڑتی۔
شیری رحمان نے اپنی پوسٹ کے آخر میں ہیش ٹیگ کے ساتھ لکھا گھریلو تشدد ختم کرو۔