راولپنڈی: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے کہا ہے کہ انتخابات میں ڈیوٹی کے لیے فوجی جوان تعینات کر دیے گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق آئی ایس پی آر کی طرف سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن سے تعاون کے لیے فوجی دستوں کی تعیناتی مکمل ہوگئی ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملک میں شفاف الیکشن کے انعقاد کے لیے فوجی دستے الیکشن کمیشن کی معاونت کریں گے تاکہ پُر امن ماحول میں انتخابات ہوں۔
یہ بھی پڑھیئے:خواتین ووٹرز کی تعداد 10 فیصد لازمی قرار، ورنہ نتائج کالعدم ہوں گے، ای سی پی
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے کہا ہے کہ فوجی دستے مقامی انتظامیہ کے ساتھ رابطوں کو یقینی بنائیں گے، محفوظ اور پُر امن ماحول میں انتخابات کا انعقاد یقینی بنایا جائے گا۔
واضح رہے کہ دو دن قبل الیکشن کمیشن آف پاکستان نے آئین کے آرٹیکل 220 اور 245 کے تحت مسلح افواج سے آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انتخابات کے انعقاد کے لیے تعاون طلب کیا تھا۔