خواتین ووٹرز کی تعداد 10 فیصد لازمی قرار، ورنہ نتائج کالعدم ہوں گے، ای سی پی

11:02 PM, 23 Jul, 2018

اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے اعلان کیا ہے کہ جن حلقوں میں خواتین ووٹرز کی تعداد 10 فیصد سے کم ہوئی وہاں کے نتائج کالعدم قرار دے دیے جائیں گے۔

الیکشن کمیشن ذرائع کے مطابق انتخابات 2018 کی تیاریاں مکمل ہوچکیں، 25 جولائی کو 10 کروڑ 55 لاکھ سے زائد ووٹر امیدواران کو منتخب کرنے کے لیے اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔

ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے انتخابی دن کے لیے سینٹرل مانیٹرنگ اینڈ کنٹرول روم قائم کردیا جو 25 جولائی کی صبح 6 بجے سے کام شروع کردے گا، سیل میں 12 ٹیمیں تشکیل دی گئیں جن میں سے ہر ٹیم میں 3 افراد ہیں جبکہ اس کی سربراہی ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل کے سپرد کی گئی۔

یہ بھی پڑھیئے:این اے 60 پر انتخابات ملتوی کرنے کےخلاف شیخ رشید کی درخواست خارج
 
 
ای سی پی ذرائع کے مطابق 25 جولائی کو پاک فوج کے ساٹھے 3 لاکھ اور پولیس کے چار لاکھ جوان اپنی ڈیوٹیاں انجام دیں گے جبکہ پی سی ایس آئی آر نے 10 لاکھ سیاہی پیڈ اور انمٹ انک بھی حوالے کردی۔

خیال رہے کہ ملک بھر میں 25 جولائی کو عام انتخابات کا انعقاد ہونے جارہا ہے، قومی و صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر مختلف سیاسی جماعتوں و آزاد امیدواران مقابلے کے لیے میدان میں اترے ہیں۔

الیکشن کمیشن قوانین کے تحت امیدوار کو انتخابی دن سے 48 گھنٹے قبل اپنی مہم ہر صورت ختم کرنا ہوگی، آج یعنی 23 جولائی کو رات 12 بجتے ہی ملک بھر میں انتخابی سرگرمیاں ختم ہوجائیں گی۔

نگراں حکومت نے عام انتخابات کے موقع پر حق رائے دہی استعمال کرنے کے لیے عوام کو 25 جولائی کو سرکاری تعطیل دی جبکہ وہ ملازمین جن کی الیکشن کے روز ڈیوٹیاں لگائیں گئیں وہ اپنے امور متعلقہ پولنگ سٹیشنز میں انجام دیں گے۔

مزیدخبریں