کرپشن اور کمیشن نے شریف خاندان اور ن لیگ کو آج تقسیم کردیا کل تحلیل کر دیگی: میاں محمودالرشید

10:18 PM, 23 Jul, 2017

لاہور :  پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمودالرشید نے کہا کہ کرپشن اور کمیشن نے شریف خاندان اور ن لیگ کو آج تقسیم کردیا کل تحلیل کر دیگی، نواز شریف اور عمران خان میں کوئی مماثلت ہے اور نہ سپریم کورٹ میں جاری مقدمات کی نوعیت یکساں ہے، عمران خان پوری دنیا سے پیسہ کما کر پاکستان لائے جبکہ شریف خاندان نے منی لانڈرنگ کرکے قوم اور ملک کا پیسہ بیرون ملک بھیجا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور آفس میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

میاں محمودالرشید نے اپنے خطاب میں کہا کہ پانامہ دستاویزات گزشتہ برس پر منظر عام پر آئیں لیکن میں 2013ء میں شریف خاندان بالخصوص مریم نواز کی بیرون ملک جائیداد کا انکشاف کیا تھا۔ بعدازاں مریم نواز نے اس سے انکار کیا تو میں نے لندن فلیٹس سمیت دیگر ملکوں میں شریف خاندان کی جائیداد کی تفصیلات میڈیا کو پیش کردیں اور چیلنج کیا کہ شریف خاندان کی یہ جائیدادیں نہیں تو مجھے عدالت بلائیں، انہوں نے کہا کہ شریف خاندان کے پاس اسوقت بھی کوئی صفائی نہیں تھی اور آج بھی نہیں، حقیقت یہ ہے کہ شریف خاندان نے حکمرانی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے قوم اور ملک کا پیسہ بیرون ملک بھیجا ، دوسری جانب عمران خان نے پوری دنیا سے کرکٹ میں پیسہ کمایا اور ساری آمدن پاکستان لائے تو پھر کس طرح نواز شریف اور عمران خان کے کیس کا موازنہ کیا جا سکتا ہے۔

میاں محمودالرشید نے لاہور میں نوازشریف کیخلاف اور شہبازشریف کے حق میں لگنے والے بینرز پر کہا کہ کرپشن اور کمیشن نے شریف خاندان اور ن لیگ کو آج تقسیم کردیا کل تحلیل کر دیگی۔ اس موقع پر انہوں نے باہمی اختلافات ختم کرکے متحد ہونے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف اقتدار کی نہیں ملک میں عدل و انصاف اور کرپشن فری پاکستان کیلئے جدوجہد کر رہی ہے ہم متحد رہے تو یہ جنگ جیتی جا سکتی ہے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں 
  

مزیدخبریں