کیلیفورنیا: ہالی ووڈ سپر سٹار ٹام کروزکی نئی آنے والی نئی فلم ”امریکن میڈ“ کی ریلیز دوافراد کی موت کے باعث مشکلات کا شکار ہوگئی۔
بین الاقوامی میڈیا کے مطابق فلم کی کہانی ایک ایسے پائلٹ کے گرد گھومتی ہے جو پائلٹ کی نوکری کے ساتھ خفیہ طور پر امریکن انٹیلی جنس ایجنسی کیلئے کام کرتا ہے، ٹام کروز فلم میں سیکرٹ ایجنٹ کا مرکزی کردارادا کررہے ہیں، 2015 میں فلم کی شوٹنگ جاری تھی کہ فلم میں پائلٹ کا کردار نبھانے والے تین افراد ایلن پوروین، کارلوس برل اور جمی لی گارلینڈ حادثے کا شکار ہوگئے جب کہ ایلن اور کارلوس حقیقت میں بھی پائلٹ تھے۔فلم کے ایک سین کیلئے انہیں جہاز اڑانا تھا تاہم اس وقت موسم سخت خراب تھا جس کی وجہ سے جہازکے انجن میں خرابی ہوگئی اور جہاز پہاڑوں پر گر کرتباہ ہوگیا، اس حادثے میں ایلن پوروین اور کارلوس کی موت ہوگئی جبکہ جمی شدید زخمی ہوگئے تھے یہاں تک کہ ان کے جسم کے نچلے حصے نے کام کرنا بند کردیا تھا۔
متاثرہ خاندان نے فلم کے پروڈیوسرز، امیجن اینٹرٹینمنٹ ، اینڈین اینٹرٹینمنٹ اورکراس کریک پکچرزپرمقدمہ دائرکرتے ہوئے الزام لگایا تھا کہ پروڈکشن کمپنیزاورفلم پریوڈسرز نے پیسے بچانے کیلئے حفاظت کے ناقص انتظامات کیے تھے۔ٹام کروزاورفلم پروڈیوسرزکی جانب سے فی الحال اس مقدمے کے بارے میں کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے، فلم کی ریلیز رواں سال 29 ستمبرمیں متوقع ہے تاہم یہ خیال ظاہرکیا جارہا ہے کہ متاثرہ خاندان کی جانب سے دائر کیے جانے والے مقدمے کے باعث فلم کی ریلیز میں تاخیر ہوسکتی ہے۔