ممبئی: بالی ووڈ سٹار رنبیر کپور اور کترینہ کیف کی فلم ”جگا جاسوس“ فلمی شائقین کو متاثر نہ کر سکی اور ریلیز کے بعد سے اب تک فلم 46 کروڑ کا بزنس ہی کرسکی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق 100 کروڑ سے زائد کے بھاری بجٹ سے فلم بنائی گئی لیکن ریلیز کے روز ہی جگا جاسوس نے باکس آفس پر مایوس کن آغاز کیا اور فلم نے اب تک 9 روز میں بھارت بھر سے 46 کروڑ سمیٹے ہیں۔خیال رہے کہ فلم کے پروڈیوسرز میں اداکار رنبیر کپور بھی شامل ہیں جنہیں فلم کی کامیابی کے حوالے سے بہت امید تھی۔
اس کے ساتھ ہی فلم جگا جاسوس دنیا بھر سے بھی کوئی خاص بزنس نہیں کرسکی جس کے بعد فلم کے لیے بجٹ پورا کرنا بھی مشکل ہوگیا ہے جب کہ فلم کی باکس آفس پر ناکامی کی صورت میں رنبیر پہلے ہی ڈسٹری بیوٹرز کو پیسوں کی واپسی کا وعدہ کرچکے ہیں۔فلم کی ناکامی کی صورت میں کترینہ کی یہ مسلسل چوتھی فلاپ فلم ہوگی جب کہ رنبیر کپور بھی مسلسل 2 ناکام فلموں کے بعد ”اے دل ہے مشکل“ کے ہٹ ہونے کے بعد فلم نگری میں اٹھے تھے تاہم جگا جاسوس ناکام ہوئی تو رنبیر کو ایک مرتبہ پھر مایوسی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔