کراچی ایئرپورٹ پر کارروائی: انسانی سمگلنگ کے خلاف ایف آئی اے کی بڑی کامیابی

کراچی ایئرپورٹ پر کارروائی: انسانی سمگلنگ کے خلاف ایف آئی اے کی بڑی کامیابی

کراچی: وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) امیگریشن نے کراچی ایئرپورٹ پر کارروائیاں کرتے ہوئے جعلی دستاویزات کے ذریعے بیرون ملک سفر کرنے کی کوشش کرنے والے تین مسافروں کو گرفتار کر لیا۔


ترجمان ایف آئی اے کے مطابق، ڈی جی ایف آئی اے احمد اسحٰق جہانگیر کی ہدایات پر بیرون ملک جانے والے مسافروں کی سخت اسکریننگ کی جا رہی ہے۔ گرفتار ملزمان میں عرفان قاسم، مطیع اللہ باجوہ، اور ایشور ڈار شامل ہیں۔


عرفان قاسم نامی مسافر جعلی ویزے کے ساتھ یونان جانے کی کوشش کر رہا تھا۔ ملزم نے سفری دستاویزات کراچی کے رہائشی فیصل نامی ایجنٹ سے حاصل کیں۔

قطر جانے والے مطیع اللہ باجوہ کو گرفتار کیا گیا، جس نے جائے پیدائش کو تبدیل کرکے ویزہ حاصل کیا۔ ملزم کے پاسپورٹس پر مختلف شہروں (ٹھٹھہ، سیالکوٹ، کراچی) کے پتے درج تھے۔ مطیع اللہ نے ندیم نامی ایجنٹ کے ذریعے 50 لاکھ روپے میں ہالینڈ جانے کا معاہدہ کیا تھا۔

تیسری کارروائی میں ایشور ڈار کو آف لوڈ کر دیا گیا۔ کمبوڈیا کے جعلی ویزے کے ساتھ سفر کی کوشش کے دوران ملزم کے پاس ویزے کے ای پیپر بھی موجود نہیں تھے۔

گرفتار ملزمان کو مزید قانونی کارروائی کے لیے انسدادِ انسانی اسمگلنگ سرکل کراچی منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں تفتیش جاری ہے۔ ایف آئی اے کی جانب سے انسانی اسمگلنگ کے خلاف یہ آپریشن مسلسل جاری رہے گا۔