واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے تجویز دی ہے کہ شارٹ ویڈیو شیئرنگ ایپلی کیشن ٹک ٹاک کے امریکی شیئرز ایلون مسک یا اوریکل کمپنی کے چیئرمین لیری الیسن خریدیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے 20 جنوری کو عہدہ سنبھالتے ہی امریکا میں ٹک ٹاک پر پابندی کے قانون کو 75 دن کے لیے معطل کر دیا تھا۔ اس دوران ٹک ٹاک کو اپنے امریکی شیئرز کسی امریکی شہری یا کمپنی کو فروخت کرنا ہوگا۔
صدر ٹرمپ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر ایلون مسک یا لیری الیسن ٹک ٹاک خریدنا چاہیں تو وہ ان کی مدد کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جو بھی خریدے گا، اسے امریکی حکومت کو نصف حصہ دینا ہوگا، جو آرٹیفیشل انٹیلی جنس کے منصوبوں میں استعمال کیا جائے گا۔
قیاس آرائیاں ہیں کہ ٹک ٹاک کے امریکی شیئرز کی قیمت 50 ارب ڈالرز تک ہو سکتی ہے، اور خریداری کے بعد ایپ امریکا میں مقامی سطح پر آپریٹ کرے گی، جس کا ڈیٹا بھی امریکا میں محفوظ ہوگا۔
خیال رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ پہلے ہی ٹک ٹاک پر پابندی کے بجائے اس مسئلے کا سیاسی حل نکالنے کی حمایت کر چکے ہیں۔
ایلون مسک، جو اب ٹرمپ کی حکومت کا حصہ ہیں، ٹک ٹاک خریدنے کے لیے سب سے مضبوط امیدوار تصور کیے جا رہے ہیں۔