پانچویں سالانہ ریکٹرز کانفرنس کا کامیاب اختتام ، "کریکٹر ماسٹر فریم ورک" کے رہنما اصولوں کا خاکہ پیش

 پانچویں سالانہ ریکٹرز کانفرنس کا کامیاب اختتام ،

اسلام آباد: ایسوسی ایشن آف پرائیویٹ سیکٹر یونیورسٹیز آف پاکستان کے زیر اہتمام وفاقی دارالحکومت میں منعقدہ دو روزہ پانچویں سالانہ ریکٹرز کانفرنس اپنے اختتام کو پہنچی۔ کانفرنس کا مقصد تعلیمی اداروں میں کردار سازی اور اخلاقی قیادت کو فروغ دینا تھا۔

کانفرنس کے دوسرے دن سپیریئر یونیورسٹی کی جانب سے تیار کردہ "کریکٹر ماسٹر فریم ورک" کے رہنما اصولوں کا خاکہ پیش کیا گیا، جس میں کردار سازی کو تعلیمی نصاب کا حصہ بنانے اور طلباء میں قیادت و اخلاقی مہارتوں کو فروغ دینے پر زور دیا گیا۔ اس فریم ورک میں تعلیمی ڈھانچے میں مثبت تبدیلیوں کی تجویز دی گئی تاکہ طلباء کی تربیت میں اخلاقی قیادت کو شامل کیا جا سکے۔

کانفرنس میں پاکستان کی 130 اور 40 بین الاقوامی جامعات کے ریکٹرز و نمائندگان نے شرکت کی۔ ایپ سپ فیڈرل چیپٹر کے صدر ڈاکٹر عبدالباسط نے کانفرنس کے دوسرے دن کا آغاز اپنے استقبالیہ خطاب سے کیا، جس کے بعد ریکٹر سپیریئر یونیورسٹی ڈاکٹر سمیرا رحمان نے شرکاء سے کلیدی خطاب کیا۔

اختتامی سیشن میں یو ایس ایمبیسی کی چارج ڈی افیئرز نتائیلہ اے بیکر، جرمن ڈپٹی ہیڈ آف مشن ارنو کیشوف، چیک ریپبلک کے پاکستان میں تعینات سفیر لدیسلو سٹہنہوبل، کامسٹیک کے کوآرڈینیٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹر اقبال چوہدری، چیئرمین ہائیر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر مختار احمد، وفاقی وزیر تعلیم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، برمنگھم یونیورسٹی کے سنٹر فار کیریکٹر اینڈ ورچوز کی ریسرچ فیلوز الزبتھ کلفورڈ اور آکسفورڈ یونیورسٹی کے پراجیکٹ آف کریکٹر کے ڈائریکٹر ایڈورڈ بروکس نے بھی خطاب کیا۔

چیئرمین ایپ سپ چوہدری عبد الرحمان نے کہا کہ اس کانفرنس سے قومی اور بین الاقوامی سطح پر یہ بات سامنے آئی ہے کہ ہمیں اپنے طلباء کو ذمہ دار شہری بنانے کے لیے سنجیدہ کوششیں کرنی ہوں گی۔

سپیریئر یونیورسٹی کی ریکٹر ڈاکٹر سمیرا رحمان نے کہا کہ ہم نے کریکٹر فریم ورک کو عملی طور پر نافذ کرنے کے لیے سات حکمت عملیوں کو اپنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہم کل کے ذمہ دار شہری اور رہنما تیار کرنا چاہتے ہیں، تو ہمیں کردار سازی کو اولین ترجیح دینی ہوگی تاکہ ایک اخلاقی اور دانشمند قیادت پیدا ہو سکے۔

صدر ایپ سپ فیڈرل چیپٹر ڈاکٹر باسط نے کہا کہ ریکٹر سپیریئر یونیورسٹی کا تیار کردہ کریکٹر ماسٹر فریم ورک جامعات کو ایک راہنمائی فراہم کرے گا تاکہ وہ اپنے نصاب میں کردار سازی کو شامل کر سکیں۔

پنجاب یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد علی شاہ نے کہا کہ ہمارا مقصد صرف روبوٹ پیدا کرنا نہیں ہے، بلکہ ہمیں سب سے پہلے طلباء کی کردار سازی پر توجہ دینی ہوگی تاکہ وہ بہتر انسان بن سکیں۔کانفرنس کے اختتام پر شرکاء میں اعزازی شیلڈز اور سرٹیفکیٹس تقسیم کیے گئے۔

مصنف کے بارے میں