اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان میں اظہار رائے کی آزادی کا مکمل تحفظ کیا گیا ہے اور حکومت میڈیا کی تعمیری تنقید کا خیرمقدم کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور میڈیا کے درمیان اعتماد کا رشتہ مستحکم ہے اور میڈیا کی تنقید حکومتی گورننس میں بہتری کے لیے ضروری ہے۔
پاکستان براڈکاسٹرز ایسوسی ایشن کے وفد سے ملاقات کے دوران وزیراعظم نے کہا کہ "اڑان پاکستان" منصوبہ ملکی ترقی کے لیے اہم قدم ہے، جس کی کامیابی کے لیے میڈیا اور تمام اسٹیک ہولڈرز کا تعاون درکار ہے۔ وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کی ترقی کی رفتار دوبارہ متحرک ہو چکی ہے، جس کے نتیجے میں برآمدات، صنعتی اور زرعی شعبوں میں ترقی دیکھنے کو مل رہی ہے۔
وزیراعظم نے معاشی ٹیم کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی اور شرح سود میں کمی کا سہرہ ان کی ٹیم کو جاتا ہے، اور ساتھ ہی انہوں نے دوست اور برادر ممالک کا شکریہ ادا کیا جن کی مدد سے پاکستان ڈیفالٹ کے خطرے سے بچا ہے اور معاشی ترقی کی راہ پر گامزن ہوا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایف بی آر میں اصلاحات کا عمل جاری ہے اور ادارے کی مکمل ڈیجیٹلائزیشن سے محصولات میں اضافے، شفافیت اور کرپشن کے خاتمے میں مدد ملے گی۔
دہشت گردی کے خلاف جنگ کے حوالے سے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی قوم اور افواج نے دہشت گردی کے خلاف بے شمار قربانیاں دی ہیں اور یہ جنگ تب تک جاری رہے گی جب تک دہشت گردی کا مکمل خاتمہ نہ ہو جائے۔
وزیراعظم نے چین پاکستان اقتصادی راہداری (CPEC) کے منصوبوں کی اہمیت پر بھی زور دیتے ہوئے کہا کہ ان منصوبوں کے مثبت اثرات اب نظر آنا شروع ہو گئے ہیں اور حکومت ان کی جلد تکمیل کے لیے بھرپور کوششیں کر رہی ہے۔
آخر میں وزیراعظم شہباز شریف نے ملک دشمن عناصر کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان کی معاشی استحکام اور ترقی کو ہضم نہیں کر پا رہے، اور اس کے لیے اسلام آباد پر چڑھائی کی کوششیں کر رہے ہیں، تاہم ان کی تمام سازشیں ناکام ہوں گی۔