بینچز اختیارات کیس : ایڈیشنل رجسٹرار کے خلاف توہین عدالت کیس کا فیصلہ محفوظ

02:38 PM, 23 Jan, 2025

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد:  سپریم کورٹ کے دو رکنی بینچ نے بینچز کے اختیارات کے معاملے پر ایڈیشنل رجسٹرار سپریم کورٹ نذر عباس کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت کی۔ عدالت نے اس کیس میں فیصلہ محفوظ کر لیا۔

سماعت کے دوران جسٹس منصور علی شاہ نے سوال اٹھایا کہ جوڈیشل آرڈر کی موجودگی میں ججز کمیٹی کیس کو واپس لے سکتی تھی یا نہیں؟ اور کیا جوڈیشل آرڈر کو انتظامی آرڈر سے تبدیل کیا جا سکتا ہے؟ اس پر عدالتی معاون وکیل حامد خان نے کہا کہ انتظامی آرڈر سے عدالتی حکم نامہ تبدیل نہیں ہو سکتا۔

جسٹس منصور نے مزید کہا کہ اگر ججز کمیٹی جوڈیشل آرڈر کو نظرانداز کرے، تو کیا معاملہ فل کورٹ میں جا سکتا ہے؟ انہوں نے یہ بھی سوال کیا کہ سپریم کورٹ رولز کے تحت فل کورٹ کی تشکیل کا معاملہ ججز کمیٹی کو بھجوایا جا سکتا ہے یا نہیں؟اس دوران ایڈیشنل رجسٹرار نذر عباس نے شوکاز نوٹس کا جواب دیتے ہوئے عدالت سے استدعا کی کہ شوکاز نوٹس واپس لیا جائے کیونکہ انہوں نے عدالتی حکم کی نافرمانی نہیں کی تھی۔

سماعت میں اٹارنی جنرل منصور اعوان نے کہا کہ توہین عدالت کے لیے موجودہ بینچ کو تشکیل دینے کا اختیار چیف جسٹس کے پاس ہے اور اس معاملے کو دیوانی یا فوجداری توہین عدالت کے دائرے میں آنا چاہیے۔ عدالت نے توہین عدالت کیس میں فیصلہ محفوظ کر لیا، جو بعد میں سنایا جائے گا۔

مزیدخبریں