ہری پور: وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے خیبرپختونخوا کے ضلع ہری پور میں کارروائی کرتے ہوئے یونان کشتی حادثے میں مطلوب انسانی اسمگلر شہریار احمد کو گرفتار کر لیا ہے۔
ایف آئی اے کے مطابق، گرفتار ملزم کے موبائل سے غیر ملکی انسانی اسمگلرز کے ساتھ روابط کے شواہد اور دیگر اہم ثبوت برآمد ہوئے ہیں۔
14 دسمبر کو یونان کے جنوبی جزیرے گاوڈوس کے قریب کشتی الٹنے سے متعدد تارکین وطن ہلاک اور کئی لاپتا ہوگئے تھے۔ دفتر خارجہ نے حادثے میں 47 پاکستانیوں کو بچائے جانے کی تصدیق کی تھی، تاہم درجنوں پاکستانی اب بھی لاپتا ہیں جن کے زندہ بچنے کی امید کم ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے انسانی اسمگلنگ کے خلاف تحقیقات تیز کرنے اور سہولت کاروں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت کی تھی۔
ایف آئی اے کے 38 اہلکاروں کو نوٹسز جاری کیے گئے، جبکہ ایڈیشنل ڈائریکٹر امیگریشن سیالکوٹ ایئرپورٹ کو عہدے سے ہٹا دیا گیا تھا۔
یونانی حکام نے کشتی حادثے کے بعد لاپتا افراد کو مردہ قرار دے کر ریسکیو آپریشن بند کر دیا تھا۔ حادثے میں مرنے والے پاکستانیوں کی تعداد 40 بتائی گئی ہے۔ پاکستانی سفارتخانہ جاں بحق افراد کی لاشوں کو وطن واپس لانے میں معاونت کر رہا ہے۔
یہ گرفتاری انسانی اسمگلنگ کے نیٹ ورک کے خلاف جاری آپریشن کا اہم حصہ ہے۔