نا اہلی کیس: قاسم سوری نے حکم امتناع لے کر پوری اسمبلی کی مدت کو انجوائے کیا، چیف جسٹس

11:50 AM, 23 Jan, 2024

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: سابق ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری کی نااہلی کیس میں سپریم کورٹ نے حکم ا متناع برقرار رہنے پر رجسٹرار کو نوٹس جاری  کر دیے اور 3ہفتے  میں رپورٹ طلب کرلی۔

چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے سپریم کورٹ میں سابق ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری کی نااہلی کیس کی سماعت کی۔چیف جسٹس نے  قاسم سوری کا کیس مقرر نہ ہونے اور حکم ا متناع برقرار رہنے پر رجسٹرار کو نوٹس جاری  کر دیے اور 3ہفتے  میں رپورٹ طلب کرلی۔

سپریم کورٹ نے قاسم سوری کو آئندہ سماعت پر ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا اور قاسم سوری کو اپنے دستخط کے ساتھ خود جواب جمع کرانے کی ہدایت جاری کی۔ 

عدالت عظمیٰ نے قاسم خان سوری کے حریف لشکری رئیسانی کو بھی نوٹس جاری کرد یے۔ 

چیف جسٹس نے دوران سماعت ریمارکس دیے کہ قاسم سوری نے حکم امتناع لے کر پوری اسمبلی کی مدت کو انجوائے کیا، اب کہہ رہے ہیں اسمبلی ختم کیس غیر موثر ہوگیا۔ کیا آپ نے سپریم کورٹ میں مقدمہ کو نہ لگوانے کیلئے کوئی حربہ استعمال کیا؟

بعدازاں عدالت نے کیس کی سماعت ایک ماہ کے لیے ملتوی کر دی۔ 

مزیدخبریں