لاہور: پنجاب میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 579 بچے نمونیا میں مبتلا ہو گئے جبکہ اس دوران مزید 2 بچےجان کی بازی ہار گئے۔
محکمہ صحت پنجاب کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران لاہور میں 133 بچے نمونیا سے متاثر ہوئے جن میں سے 8 بچے نمونیا سے دم توڑ گئے۔
محکمہ صحت کی گزشتہ روز کی رپورٹ کے مطابق صوبہ بھر میں 24 گھنٹوں کے دوران رپورٹ ہونے والے کل 799 مشتبہ کیسز میں سے 295 کی عمریں 3 سے 12 ماہ کے درمیان، 68 بچوں کی عمریں دو ماہ اور 37 بچے ایک ماہ کے تھے۔
محکمہ صحت کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ جنوری میں نمونیا سے 108 بچے جاں بحق ہوئے۔
محکمہ صحت کے مطابق رواں سال کے دوران لاہور میں اب تک ایک ہزار 346 بچے نمونیا سے متاثر ہوچکے ہیں، جن میں سے 43 بچے جان کی بازی ہار گئے ہیں۔
اسی طرح رواں سال کے دوران صوبےبھر میں اب تک 8 ہزار 921 بچے نمونیا سے متاثر ہوچکے ہیں، جن میں سے 182 بچے انتقال کرگئے ہیں۔
پنجاب کے نگراں وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہا کہ ہر سال صوبے میں نمونیا کے اتنے ہی کیسز رپورٹ ہوتے ہیں اور کیسز میں کوئی اضافہ نہیں ہوا۔ وزیر نے والدین پر زور دیا کہ وہ اپنے بچوں کی انسدادِ نمونیا ویکسینیشن مکمل کریں اور ان کی قوت مدافعت بڑھانے کے لیے غذائیت کا خاص خیال رکھیں۔