راولپنڈی: بانی پی ٹی آئی نے توشہ خانہ اور 190 ملین پاؤنڈ کیس میں ضمانت لیے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کر لیا۔توشہ خانہ اور 190 ملین پاؤنڈ کیس میں ضمانت کی الگ الگ درخواستیں دائر کی گئی ہیں۔
سابق وزیر اعظم عمران خان نے 190 ملین پاؤنڈ کیس اور توشہ خانہ کیس میں ضمانت کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ میں الگ الگ درخوستیں دائر کروا دیں۔ جن میں احتساب عدالت کا کا فیصلہ کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے۔
عمران خان کی جانب سے دائر کردہ درخواست میں کہا گیا ہے کہ میرے اوپر بنائے گئے مقدمات سیاسی انتقام اور بدنیتی پر مبنی ہیں، سابق چیئرمین نیب آفتاب سلطان نے دباؤ کے باوجود سیاسی نوعیت کے کیسز بنانے سے انکار کیا ۔
درخواست میں استدعا کی گئی کہ کیس کے حتمی فیصلے تک ضمانت منظور کی جائے۔
بانی پی ٹی آئی نے درخواستوں میں چیئرمین نیب ، ڈی جی نیب، تفتیشی افسر کو فریق بنایا۔
یاد رہے کہ احتساب عدالت نے دونوں کیسوں میں بانی پی ٹی آئی کی ضمانت بعد از گرفتاری مسترد کر دی تھی۔