اسلام آباد (سردار شیراز خان) وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی تاجک ہم منصب سے ملاقات ہوئی جس دوران دو طرفہ رابطوں اور تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے تاشقند میں تاجکستان کے وزیر خارجہ سراج الدین محی الدین سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران دونوں وزرائے خارجہ نے دو طرفہ رابطوں اور تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا جبکہ دوطرفہ تعلقات بالخصوص تجارت، توانائی اور رابطوں میں اقتصادی تعاون کو مزید بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
قبل ازیں وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے تاشقند میں ازبکستان کے قائم مقام وزیر خارجہ سے بھی ملاقات کی جس دوران تجارت، توانائی اور علاقائی روابط کو بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاک، ازبک وزرائے خارجہ نے ملاقات کے دوران تمام شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید بڑھانے پر اتفاق بھی کیا۔