پشاور: خیبر پختونخوا کی نگران کابینہ کی تشکیل کیلئے ناموں کی فہرست تیارکرلی گئی ہے اور صوبے کی مالی مشکلات کے باعث کابینہ کی تعداد 10 ارکان سے کم رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق نگران کابینہ سے متعلق وزیراعلیٰ اعظم خان کی گورنر اور دیگر شخصیات سے مشاورت ہوئی جس میں فیصلہ کیا گیا کہ نگران کابینہ میں وزراءکی تعداد 10 سے کم ہو گی جبکہ ایک خاتون کو بھی کابینہ کا حصہ بنائے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مختلف شعبوں میں ماہر افرادکو نگران کابینہ میں شامل کیا جائے گا جبکہ خزانہ، صحت اور تعلیم کے نگران وزراءاپنے شعبوں کے ماہر ہوں گے۔
نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اعظم خان کا کہنا ہے کہ نگران کابینہ کے حوالے سے مشاورت کر رہا ہوں اور وزراءکی تعداد کم ہی رکھی جائے گی کیونکہ صوبہ مالی مشکلات کا شکار ہے اس لئے خزانے پر زیادہ بوجھ نہیں ڈالنا چاہتے۔