اسلام آباد: وفاقی وزیر توانائی خرم دستگیر نے کہا ہے کہ بلوچستان اور جنوبی پنجاب کے علاقوں میں بجلی بحال کر دی گئی ہے جبکہ رات تک ملک بھر میں بجلی کی فراہمی کا سلسلہ شروع ہو جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر توانائی خرم دستگیر کا کہنا تھا کہ بجلی کے ترسیلی نظام میں کوئی خرابی یا حادثہ نہیں ہوا، ایک ایک کر کے ملک کے تمام پاور پلانٹس چلانا شروع کر رہے ہیں، بجلی کا نظام معطل ہونے کی تحقیقات کیلئے اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دیدی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی الیکٹرک سپلائی کمپنی (کے الیکٹرک) نے بھی جزوی طور پر سسٹم بحال کر دیا ہے جبکہ ہائیڈل سسٹم کو دوبارہ چلانے میں کچھ مشکلات آئی ہیں تاہم ملک کے تمام پاور پلانٹس چلانا شروع کر رہے ہیں، ان پلانٹس کو چلانے کیلئے بھی بجلی درکار ہوتی ہے، پلانٹس چلانے کیلئے فرنس آئل پر بجلی پیدا کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ بجلی کے نارتھ ساؤتھ نظام میں خرابی ہوئی، صبح 7 بج کر 34 منٹ پرنارتھ ساؤتھ ترسیلی کوریڈور میں وولٹیج اور فریکوئنسی میں اتار چڑھاؤ آیاجس سے نیشنل گرڈکی سسٹم فریکوئنسی متاثر ہوئی، سسٹم فریکوئنسی متاثر ہونے سے ملک میں بجلی کا وسیع بریک ڈاؤن ہوا تاہم وزیراعظم نے ملک میں دستیاب ہر بجلی پلانٹ چلانے کی ہدایت کی ہے۔