اسلام آباد میں مزید 10 تعلیمی ادارے بند کرنے کا فیصلہ

09:41 PM, 23 Jan, 2022

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت کے تعلیمی اداروں میں کورونا کیسز سامنے آنے کا سلسلہ جاری ہے جس کے سبب مزید 10 تعلیمی ادارے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ڈی ایچ او اسلام آباد نے کہا ہے کہ کورونا کیسز سامنے آنے پر شہر میں مزید 9 اسکولوں اور ایک کالج کو بند کیا جا رہا ہے۔ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر اسلام آباد ڈاکٹر زعیم ضیا نے اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر کے نام مراسلہ ارسال کر کے مذکورہ اسکولوں اور کالج کی تفصیلات سے مطلع کر دیا ہے۔

مراسلے کے مطابق اسلام آباد ماڈل کالج فار بوائز چک شہزاد میں کورونا کیس رپورٹ ہونے پر اسے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اسلام آباد ماڈل اسکول فار گرلز، اسلام آباد ماڈل اسکول جی سکس فور، اسلام آباد ماڈل اسکول فار بوائز بہارہ کہو کو کورونا کیسز کی وجہ سے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ڈی ایچ او کے مطابق اسلام آباد ماڈل اسکول فار گرلز آئی ایٹ ون، اسلام آباد ماڈل اسکول فار گرلز جی الیون ون، اسلام آباد ماڈل اسکول فار گرلز جی ایٹ ٹو، اسلام آباد ماڈل اسکول فار گرلز جی سکس ون تھری بھی بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ دیگر اسکولوں میں اسلام آباد ماڈل اسکول فار گرلز دانہ پنڈ بیگوال، اسلام آباد ماڈل اسکول فار بوائز چھتر شامل ہیں۔

مراسلے میں ہدایت کی گئی ہے کہ انتظامیہ متاثرہ تعلیمی ادارے تا حکم ثانی بند رکھے اور ان میں کونٹیکٹ ٹریسنگ اور ٹیسٹنگ کی جائے اور وفاقی انتظامیہ پازیٹیو طلبہ کے قریبی افراد کے ٹیسٹ کرائے۔

واضح رہے کہ اسلام آباد میں کورونا کیسز کی وجہ سے 50 سے زائد تعلیمی ادارے بند کیے جا چکے ہیں۔

مزیدخبریں