لاہور: ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس (اے ایس ایف) کے عملے نے علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر کارروائی کے دوران ابوظہبی جانے والے مسافر کے بیگ سے ہیروئن برآمد کر لی۔
اے ایس ایف ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ مسافر میر زوہیب ابوظہبی جانے کیلئے لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پہنچا تھا جہاں اس کے سامان کی سکیننگ کے دوران بیگ کو مشکوک قرار دیا گیا۔
ترجمان کے مطابق تلاشی کے دوران بیگ سے برآمد 780 گرام سفوف ہیروئن برآمد ہوئی جسے شولڈر بیگ کے اندر تین عدد پرسوں کی تہہ میں مہارت سے پیک کیا گیا تھا جبکہ ملزم کو ابتدائی تفتیش کے بعد برآمد شدہ ہیروئن سمیت اے این ایف حکام کے حوالے کر دیا گیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز لاہور ائیرپورٹ سے ہی کسٹمز حکام نے کارروائی کرتے ہوئے مسافر سے 4 لاکھ 40 ہزار سعودی ریال برآمد کئے تھے اور مسافر کو گرفتار کر کے اس کیخلاف منی لانڈرنگ قوانین کے تحت ایف آئی آر درج کی تھی۔
کسٹمز حکام کے مطابق مسافر حسن علی پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز (پی آئی اے) کی پروازسے دبئی جارہا تھا کہ بورڈنگ سے قبل تلاشی کے دوران مسافرکی جیکٹ سے غیرملکی کرنسی برآمدہوئی۔
لاہور ائیرپورٹ پر ابوظہبی جانے والے مسافر کے بیگ سے ہیروئن برآمد
09:32 PM, 23 Jan, 2022