مائیکل وان نے پاک، بھارت میچ کو ایشز سیریز سے بڑا مقابلہ قرار دیدیا

06:22 PM, 23 Jan, 2022

لندن: انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مائیکل وان نے روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے مقابلے کو کرکٹ کی مقبول ترین ایشز سیریز سے بھی زیادہ بڑا میچ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ مقابلہ دنیا بھر کے کروڑوں افراد دیکھتے ہیں۔ 
تفصیلات کے مطابق مائیکل وان نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں جب بھی مدمقابل ہوں تو شائقین کا جوش و خروش عروج پر ہوتا ہے اور یہ میچ صرف دو ممالک کے لوگ نہیں بلکہ دنیا بھر کے کروڑوں افراد دیکھتے ہیں۔ 

واضح رہے کہ تعلقات بہتر نہ ہونے کے باعث دونوں ممالک کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان باہمی سیریز نہیں ہوتی اور صرف انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ایونٹس میں ہی ان کا میچ دیکھنے کو ملتا ہے۔ آخری بار دونوں ٹیمیں آئی سی سی ٹی 20 ورلڈکپ کے دوران مدمقابل ہوئیں جس میں پاکستان نے بھارت کو 10 وکٹوں کی عبرتناک شکست سے دوچار کیا۔ 
ٹی 20 ورلڈکپ کے بعد آسٹریلیا اور انگلینڈ کی ٹیمیں ایشز سیریز میں آمنے سامنے آئیں تو شائقین کو یکطرفہ مقابلے دیکھنے کو ملے اور آسٹریلیا نے گزشتہ 6 سالوں کے دوران تیسری بار انگلینڈ کو شکست دے کر ٹرافی اپنے نام کی جس پر ماہرین اور شائقین کرکٹ بھی مایوس نظر آئے۔ 
ایشز سیریز کے نتائج نے ہی سابق انگلش کپتان مائیکل وان کو پاکستان اور بھارت کے میچ کو ایشز سے بڑا میچ قرار دینے پر مجبور کیا ہے جن کا کہنا ہے کہ ہم سب کو معلوم ہے کہ عالمی کرکٹ میں ایشز بڑا ایونٹ ضرور ہے لیکن پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ کی بات کی جائے تو وہ اس سیریز سے کہیں بڑا ہوتا ہے۔ 

مزیدخبریں