فصلوں کی مناسب اور منصفانہ قیمت نہ ملنا کسانوں کا معاشی استحصال ہے، زرداری

04:22 PM, 23 Jan, 2022

نیوویب ڈیسک

کراچی: پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ خوشحال کسان ہی زرعی طور پر مستحکم پاکستان کی ضمانت ہیں۔

پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے کسان مارچ کے حوالے سے اپنے ایک بیان میں کہا کہ کسان ملک کی معیشت کے لیے ریڑھ کی ہڈی ہیں اور خوشحال کسان ہی زرعی طور پر مستحکم پاکستان کی ضمانت ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کسانوں کو محنت کا پھل نہ ملنا انتہائی ناانصافی ہے جبکہ فصلوں کی مناسب اور منصفانہ قیمت نہ ملنا کسانوں کا معاشی استحصال ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کسانوں سے انصاف کی روایت برقرار رکھے گی اور پیپلز پارٹی کسانوں کی مارکیٹ تک رسائی کو آسان بنائے گی۔

انہوں نے کہا کہ زرعی طور پر مضبوط پاکستان ہی پیپلز پارٹی کا منشور ہے اور حکومت کسانوں کو زرعی کھاد مہیا کرنے میں ناکام ہو گئی ہے۔

اس سے قبل پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف کا کہنا ہے کہ کسانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے پیپلزپارٹی کل ملک بھر میں ٹریکٹر مارچ  کر رہی ہے۔ 27فروری کا اسلام آباد مارچ ٹرننگ پوائنٹ ہوگا،مہنگائی اور بیروزگاری کیخلاف اپوزیشن کو مل کر کوشش کرنا ہوگی۔

دوسری طرف حیدر آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے نوید قمر نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا 21 جنوری سے احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔ کسان مشکلات سے دوچار ہے اور ملک میں کھاد کا بحران مصنوعی ہے جبکہ حکومت نے اپنی نااہلی کا ملبہ کسانوں پر ڈال دیا ہے۔

پی پی رہنما نے مزید کہا کہ 24 جنوری کو ملک بھر میں ٹریکٹر ٹرالی مارچ ہوں گے اور بلاول بھٹو زرداری حیدرآباد میں مارچ کی قیادت کریں گے۔

مزیدخبریں