کراچی: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فرنچائز اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے کہا ہے کہ سرفراز احمد سے جو کچھ بھی سیکھا ہے وہ ان کے خلاف استعمال کروں گا، لیگ کے انعقاد کیلئے اچھے انتظامات کئے گئے ہیں اور امید ہے کہ سب اچھا ہی ہو گا۔
تفصیلات کے مطابق ورچوئل پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاداب خان نے کہا کہ پی ایس ایل انٹرٹینمنٹ کیلئے ہے اور ہم مداحوں کو خوش کرنے کی بھرپور کوشش کریں گے، گزشتہ سال کی طرح اس بار بھی ٹیم امید کے مطابق ہی بنی ہے، ہم پوری محنت کرتے ہوئے چیمپینز بننے کی کوشش کریں گے مگر نتائج اللہ کے ہاتھ میں ہوتے ہیں۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم میں ایک ساتھ کھیلنے والے کھلاڑی جب پی ایس ایل میں حریف بنتے ہیں تو بہت لطف آتا ہے اور خوب مقابلہ ہوتا ہے جس کے باعث شائقین کرکٹ بھی انجوائے کرتے ہیں۔
شاداب خان نے کہا کہ ہم ٹیم کی صورتحال کے مطابق بیٹنگ کرتے ہیں جبکہ اس سال بھی میرا ٹاپ آرڈر میں بیٹنگ کرنے کا ارادہ ہے، سرفراز احمد سے بہت کچھ سیکھا اور سیکھ رہا ہوں، ان سے جو کچھ بھی سیکھا، پی ایس ایل کے انہیں کے خلاف استعمال کروں گا۔