کھاد کی قلت عمران خان کی کرپشن اور نالائقی کی وجہ سے ہے: شہباز شریف 

کھاد کی قلت عمران خان کی کرپشن اور نالائقی کی وجہ سے ہے: شہباز شریف 
سورس: File

اسلام آباد : پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے ملک میں یوریا کی قلت اور کسانوں کودرپیش صورتحال پرشدید اظہارتشویش کیا ہے۔ 

اپنے بیان میں شہبازشریف نے کہا کہ ہر معاملے میں حکومتی نااہلی ، نالائقی اور چوربازاری کی سزا عوام اور کسانوں کو مل رہی ہے ۔ کسان چیخ رہے ہیں کہ سمگلنگ ہورہی ہے، حکومت کہاں سوئی ہوئی ہے؟

انہوں نے کہا کہ عالمی منڈی میں یوریا کی قیمت زیادہ ہے تو سمگلنگ کی روک تھام کیوں نہ کی گئی؟پیشگی انتظامات کیوں نہ ہوئے؟،یوریا کی قلت پی ٹی آئی کی بدانتظامی اور کرپشن کا شاخسانہ ہے جو اس کی پہچان بن چکی ہے ۔

شہباز شریف نے کہا کہ یوریا نہ ہونے کا مطلب زرعی پیداوار میں کمی ہے جس کے نتیجے میں نئے مسائل پیدا ہوں گے ۔ بدقسمتی ہے کہ ایک زرعی ملک جو گندم اور چینی برآمد کرتا تھا۔ آج گندم اور چینی باہر سے منگوارہا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے دور میں ڈیپ 2400 کی بوری تھی۔ آج کسانوں کو 10 ہزارمیں بھی نہیں مل رہی ہے ،حکومت کا قیمتوں پر کنٹرول نہ ہونا ناکامی، نااہلی اور بدانتظامی کی انتہاہے۔ 2015-16 میں ہمارے دور میں کپاس کی ریکارڈ پیداوار ایک کروڑچھیالیس لاکھ بیل ہوئی تھی ۔موجودہ حکومت کے کپاس کی پیداوار کے بارے میں اعدادوشمار غلط بیانی کے سوا کچھ نہیں ۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نوازشریف نے 2015 میں تاریخی کسان پیکج دیا تھا ۔ کسانوں کو سیلاب سے ہونے والے نقصانات میں اربوں روپے امداد دی گئی۔  سولہ لاکھ چھوٹے زمینداروں کو 32 ارب روپے دئیے گئے تھے ۔یہ پروگرام سیالکوٹ اور لودھراں میں 5 نومبر2015 کو پی ڈی ایم اے کے تعاون سے شروع ہواتھا۔

انہوں نے کہا کہ 33 اضلاع میں 166 مراکز بنائے گئے، پی آئی ٹی بی ، نادرا، بینک آف پنجاب اور این بی پی کے نمائندے اس میں شامل تھے ، ون ونڈو آپریشن سے ہر مرکز سے 200 کسانوں کو روزانہ کی بنیاد پر امداد مہیا کی گئی۔