لاہور: سپیکر پنجاب اسمبلی اور مسلم لیگ ق کے سینئر رہنما چودھری پرویز الہٰی نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ق نے حکومت کے ساتھ مل کر اوورسیز پاکستانیوں کے لیے قانون سازی کروائی۔
سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی سے پاکستان مسلم لیگ امریکا کے صدر میاں ذاکر نسیم، جنرل سیکرٹری چودھری تنویر اور سینئر رہنما چودھری ادریس عارف نے سپیکر چیمبر میں ملاقات کی۔
ملاقات میں اوورسیزپاکستانیوں کے مسائل اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفد نے پنجاب اسمبلی کی نئی بلڈنگ اور ایوان مکمل ہونے پر سپیکر چودھری پرویز الٰہی کو مبارکباد پیش کی اور پنجاب اسمبلی کی نئی بلڈنگ اور ایوان کا دورہ بھی کیا۔
چودھری پرویز الہٰی نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے حقوق اور املاک کا تحفظ ہر قیمت پر یقینی بنانا ضروری ہے۔ ملکی معیشت کی مضبوطی کیلئے اوورسیز پاکستانیوں کی خدمات فراموش نہیں کرسکتے۔ بیرون ملک بسنے والے پاکستانی ہمارا سرمایہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ لاکھوں پاکستانیوں کے حق رائے دہی کے عمل کو آسان بنانے کے لیے اپنا ذمہ درانہ کردار ادا کیا ہے۔ سمندر پار پاکستانیوں کے مسائل کے حل کیلئے جامع پالیسی بنائیں گے۔
صدرمسلم لیگ امریکا میاں ذاکر نسیم نے کہا کہ چودھری شجاعت حسین نے بطور وزیراعظم اوورسیز پاکستانیوں کی میتیں مفت واپس لانے کا قانون پاس کیا۔ 50ہزار روپے تدفین کیلئے مقرر کئے۔