لندن : سائنسدانوں نے دعویٰ کیا ہے کہ زحل کے برفیلے چاند میماس(Mimas) کی سطح کے نیچے سمندر کی موجودگی کے ٹھوس شواہد موجود ملے ہیں۔
برطانوی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق اب تک زحل کے چاند انسلاڈس اور مشتری کے چاند یوروپا کے متعلق خیال کیا جاتا رہا ہے کہ یہاں زندگی پنپ سکتی ہے۔
دونوں برفیلے چاندوں پر ارضیاتی سرگرمی کے آثار بھی موجود ہیں جس سے معلوم ہوتا ہے کہ ان کی اندرونی سطح گرم ہے جس میں مائع پانی سطح کے نیچے موجود ہو سکتا ہے۔
چاند میماس (Mimas) کو معروف انگریزی سائنس فکشن فلم اسٹار وارز کے خلائی سٹیشن ڈیتھ اسٹار کے نام سے منسوب کیا گیا ہے اور سائنسدانوں کو پہلے یہاں کسی طرح کی ارضیاتی سرگرمی کے آثار نہیں ملے۔
سائنسدانوں کے مطابق یہ چاند صرف جمی ہوئی برف کا ایک بڑا گولا ہے لیکن اس کے برعکس نئی تحقیق سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ زحل کے جس چاند کو برسوں قبل ایک مردہ سیارچہ قرار دیا گیا تھا اب اسے ہی زندگی کے پنپنے کیلئے ٹھوس شواہد کا حامل چاند کہا جا رہا ہے۔
سائوتھ ویسٹ ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کی ڈاکٹر الیسا رہوڈن کہتی ہیں کہ حیران کن بات ہے کہ میماس چاند کی سطح کے نیچے مائع پانی کے سمندر ہونے کے ٹھوس شواہد ملے ہیں۔