ڈیوس: دنیا کے 100 سے زائد کروڑ پتی افراد نے حکومتوں سے انوکھا مطالبہ کیا ہے کہ غربت ختم کرنی ہے تو ہم پر ٹیکس لگائیں۔
برطانوی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق یہ مطالبہ اس تحقیق کے بعد سامنے آیا ہے کہ دنیا کے امیر ترین افراد ویلتھ ٹیکس کی مد میں 25 کھرب 20 ارب ڈالرز ادا کرسکتے ہیں۔
ٹیکس کی یہ رقم دنیا کے ہر فرد کے لیے کوروناوائرس ویکسین فراہم کرنے کے ساتھ 2.3 ارب افراد کو غربت سے باہر نکالنے کے لیے کافی ہوگی۔
عالمی اقتصادی فورم کے ڈیوس میں منعقدہ آن لائن اجلاس میں اپنے کھلے خط میں دنیا کے 102 کروڑ پتی افراد جن میں ابیگیل ڈزنی بھی شامل ہیں کا کہنا تھا کہ دنیا بھر کا موجودہ ٹیکس نظام درست نہیں ہے کیوں کہ یہ جان بوجھ کر امیر کو امیر ترین بنانے کے لیے ترتیب دیا گیا ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ دنیا بھر کے تمام امیر افراد ٹیکس میں اپنا درست حصہ ادا کریں۔ خط میں تجویز دی گئی ہے کہ جن افراد کی دولت کی مجموعی مالیت 50 لاکھ ڈالرز سے زائد ہے ان پر 2 فیصد، جن کی 5 کروڑ ڈالرز سے زائد ہے ان پر 3 فیصد اور 1 ارب ڈالرز سے زائد مالیت کے حامل کروڑ پتی افراد پر 5 فیصد ٹیکس عائد کیا جائے۔