نوشہرہ: وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا ہے کہ ہم چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی تحریک عدم اعتماد کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری کی حکومت کے خلاف عدم اعتماد لانے کی بات آئینی ہے۔
پرویز خٹک نے کہا کہ بلاول حکومت کے خلاف عدم اعتماد لاسکتے ہیں تو ہم بھی مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سڑکوں پر نکل کر حکومت کی خاتمے کی بات کرنا غلط ہے۔ سینیٹ الیکشن سے متعلق انھوں نے کہا کہ سینیٹ کا الیکشن اوپن بیلٹ سے ہوگا تو سچ سامنے آئے گا۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز بلاول بھٹو زرداری نے کہا تھا کہ وزیراعظم عمران خان، وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کے خلاف تحریک عدم اعتماد لائیں گے۔ غیر جمہوری طاقت کو نکالنا جانتے ہیں۔ پاکستان ڈیموکریٹک مومنٹ کے پلیٹ فارم سے ناجائز حکومت کو گھر بھیجیں گے۔ جب ہم حملہ کریں گے تو کٹھ پتلی کو گھر جانا ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ سی پیک کا منصوبہ آصف علی زرداری نے شروع کیا تھا۔ چند سال پہلے یہ منصوبہ صرف کاغذوں پر ہی تھا۔ 2 سال میں پاکستان کی معیشت کو جو نقصان ہوا وہ پہلے کبھی نہیں ہوا۔ ہمارا گروتھ ریٹ افغانستان اور بنگلہ دیش سے بھی پیچھے ہے۔