لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعون نے کہا ہے کہ فضل الرحمان جدید دور کے کرپٹ جادوگر ہیں اور انہوں نے چندے سے اربوں کی جائیدادیں فرنٹ مینز کے ذریعے بنائیں۔ عوام کو ورغلانے والے مولانا فضل الرحمان کی سیاست مفاد پرستی سے لت پت ہے۔
اپنے ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ کرپشن بچانے کے لیے یہ ٹولہ دربدر ٹکریں مار رہا ہے اور کپتان کی حکومت میں ان کی چیخیں مزید بلند ہوں گی۔ مولانا فضل الرحمان جدید دور کے وہ کرپٹ جادوگر ہیں جس نے دین کے نام پر جمع کئے چندے کے پیسے سے اربوں کی جائیدادیں فرنٹ مینز کے ذریعے بنائیں۔ ہر دور میں عوام کو ورغلانے والے مولانا کی سیاست مفاد پرستی اور فساد سے لتھڑی پڑی ہے۔
معاون خصوصی پنجاب کا کہنا تھا کہ مولانا اربوں کی کرپشن بچانے کے لیے ملکی جڑیں کھوکھلی کرنے پر بضد ہیں۔ مولانا اور پی ڈی ایم کے شور شرابے اور آہ و بکا کی اصل وجہ ان کے اپنے سیاہ کرتوت اور کرپشن کے پہاڑ ہیں۔
فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے ٹولے کی گھٹیا سیاست کی لٹیا ڈوب چکی ہے۔ استعفوں، لانگ مارچ کے بعد اب تحریک عدم اعتماد کا شوشہ چھوڑا گیا اور ان بزدل لوگوں میں عدم اعتماد کی بھی جرات نہیں۔ سندھ کے شہزادے نے عدم اعتماد کا گھسا پٹا اسکرپٹ لکھا۔