معروف امریکی اینکر لیری کنگ انتقال کرگئے ۔
لیری کنگ کی عمر 87 برس تھی اور وہ کورنا وائرس کے باعث ہسپتال میں زیر علاج تھے ۔ لیری کنگ نےبطور اینکر کیرئیر کا آغاز ریڈیو سے کیا ۔ اس کے بعد وہ 25 سال تک امریکی ٹی وی کے ساتھ منسلک رہے ۔ وہ سی این این پر لیری کنگ لائیو کے نام سے پروگرام کیا کرتے تھے جو پوری دنیا میں بہت مشہور تھا ۔ ان کے پروگرام کی خصوصیت یہ تھی کہ انہوں نے دنیا بھر کی ٹاپ شخصیات کو اپنے شو میں بلایا اور ان کا انٹرویو کیا ۔ کیرئیر میں انہوں نے 50 ہزار سے زائد انٹرویو کئے تھے ۔
یاد رہے کہ لیری کنگ چند ہفتے قبل کورونا کے مرض کے باعث ہسپتال میں داخل ہوئے تھے جہاں ان کا علاج جاری تھا ۔87 سالہ لیری کنگ نے زندگی میں 8 شادیاں کیں ۔ لیری کنگ کے پانچ بچے تھے جن میں سے دو چند ماہ قبل کچھ ہی دنوں کے وقفے سے مرگئے تھے ۔ لیری کنگ کی آخری بیوی نے سال 2019 میں ان سے طلاق لے لی تھی ۔ لیری کنگ اپنی زندگی کے آخری دنوں میں بہت افسردہ تھے اس بات کا اظہار انہوں نے اپنے فیس بک اکاؤنٹ پر ایک پوسٹ میں بھی کیا تھا جس میں انہوں نے لکھا تھا کہ میں نے ہارٹ اٹیک کا سامنا کیا اب کورونا وائرس کا سامنا بھی کررہاہوں لیکن مجھے سب سے زیادہ دکھ اس وقت ہوا جب میری بیٹی ہارٹ اٹیک اور بیٹا کینسر سے لڑتے لڑتے جان کی بازی ہار گیا ۔
لیری کنگ کی وفات پر سوشل میڈیا پر دنیا بھر سے تعزیت کے پیغامات آرہے ہیں ۔