اسلام آباد: مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نوازنے کہا کہ تابعداری، تاریخی نااہلی اور نالائقی کی سزا پاکستان بھگت رہا ہے۔ اقوام متحدہ کی جانب سے اپنے ملازمین کو پی آئی اے کے طیاروں میں سفر نہ کرنے کے احکامات پر مریم نواز نے سوشل میڈیا پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان اور پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔
مریم نواز کا اپنے ٹوئٹ میں کہنا تھا کہ تابعداری، تاریخی نااہلی اور نالائقی کی سزا پاکستان بھگت رہا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اناڑیوں کے کھیل تماشے کی وجہ سے ملک کو دنیا بھر میں رسوائی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
نائب صدر مسلم لیگ نے نے کہا کہ پہلے دنیا بھر میں پی آئی اے کے پائلٹس کو رسوا کروایا اور اب ائیر لائن کو اس مقام پر لے آئے ہیں کہ پاکستان نے ایسے دن کبھی نہیں دیکھے۔
خیال رہے کہ اقوام متحدہ نے اپنے اسٹاف کو کسی بھی پاکستانی ائیرلائن سے سفر کرنے سے روک دیا۔ یہ فیصلہ مشکوک لائسنس کی تحقیقات کے باعث کیا گیا جس کے بعد اقوام متحدہ نے اپنے اسٹاف کو افغانستان کے لیے رجسٹرڈ ائیرلائن سے سفر کرنے کی اجازت دی۔