لاہور: وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے دعویٰ کیا کہ آئندہ سینیٹ الیکشن میں تحریک انصاف کی ایک سیٹ بڑھے گی۔ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ عمران خان سے کوئی پیچھے نہیں ہٹ رہا اور یہ ان کا بڑا پن ہے کہ وہ کہتے ہیں کہ خفیہ ووٹ ہو جائے۔ میری بات ریکارڈ کر لیں کہ جو لوگ یہ سوچے بیٹھے ہیں کہ عمران خان اس لئے جا رہا ہے سپریم کورٹ میں تاکہ ووٹ نہ ہوں تو پنجاب میں سیٹ کم ہونے کے بجائے ایک سیٹ بڑھے گی۔
انہوں نے کہا مولانا فضل الرحمان ویسے ہی ان کے پیچھے لگے ہوئے ہیں کہ وہ خراب ہو گے اور مولانا نے اسرائیل ، کشمیر اور ختم نبوت کے نام پر اس قوم کا بڑا وقت ضائع کیا ہے جبکہ اس ملک میں کسی کی جرات ہے کہ وہ ان چیزوں کے خلاف ہو سکے۔
ایف آئی اے کے بارے میں وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ اس ادارے میں بہت زیادہ کام کرنے کی ضرورت ہے اور اس کو زیادہ فعال بنانے جا رہے ہیں۔ نادرا، ایف آئی اے کا ادارہ بہتر ہونے میں وقت لگے گا جبکہ شہباز شریف کا کیس سنجیدہ ہے اور کیس میں شہادتوں پر انحصار ہو گا تاہم اگر پی ڈی ایم والے وفا کریں گے تو وفا کریں گے ، ستم کریں گے تو ستم کریں گے۔
انہوں نے کہا الیکشن کمیشن کے باہراحتجاج سے زیادہ تو ایک مدرسے میں بچے ہوتے ہیں۔ پی ڈی ایم والے جس طرح الیکشن کمیشن کے باہراحتجاج کیا اسی طرح احتجاج کریں ہمیں کوئی مسئلہ نہیں۔ بلاول بھٹو بالغ ہوگیا ہے اور انہوں نے عدم اعتماد والی بات ٹھیک کہی ہے۔ جب وہ سچ بولنے لگتے ہیں لاہور کا میڈیا رکاوٹیں کھڑی کر دیتا ہے۔
براڈ شیٹ سے متعلق پوچھے گئے سوال ]ر شیخ رشید نے کہا جسٹس (ر) عظمت سعید بڑا قابل احترام نام ہے اور براڈشیٹ کے معاملے پران کو جسٹس (ر) عظمت قبول نہیں، کیا انہیں جسٹس افتخار (ر) چودھری قبول ہے جبکہ اس معاملے پر جس کا بھی قصور اس کو پھکی ملنی چاہیے۔