فارن فنڈنگ کا طعنہ دینے والے پہلے اپنے خاندان کو دیکھیں: فرخ حبیب

02:54 PM, 23 Jan, 2021

فیصل آباد: پی ٹی آئی رہنما فرخ حبیب نے کہا کہ فارن فنڈنگ کا طعنہ دینے والے پہلے اپنے خاندان کو دیکھیں ، آپ کی لوٹی ہوئی دولت ملک سے باہر ہے۔ یہ لوگ اپنا حساب دینے سے کیوں ڈر رہے ہیں؟ فارن فنڈنگ تو ن لیگ نے اسامہ بن لادن سے لی تھی۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فرخ حبیب نے کہا کہ مریم صفدر سرٹیفائیڈ جھوٹی ثابت ہو چکی ہیں ، وہ سپریم کورٹ میں بھی جھوٹی ثابت ہوچکی ہیں ، انکو شرم آنی چاہیے کہ یہ قوم کو گمراہ کرتی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے ان کی بال اٹھا کر باہر پھینک دی ہے۔ ن لیگ کے پارٹی فنڈز میں ٹھیکیداروں نے پیسے جمع کرائے ، ان کے کاروبار اور پیسے بیرون ملک ہیں۔

رہنما تحریک انصاف نے کہا کہ براڈ شیٹ کیس میں ان تمام جماعتوں کی فراڈ شیٹ لگی ہوئی ہے ، یہ کہتے ہیں کہ اپوزیشن سے مشاورت کیوں نہیں کی ، ہم چوروں سے مشاورت کیسے کریں ؟ انھوں نے ججز اور اداروں کو برا بھلا کہا۔

فرخ حبیب نے کہا کہ فضل الرحمان کو بھی بھاگنے نہیں دیا جائے گا ، فضل الرحمان کی ساری پارٹی فارن فنڈنگ پر چل رہی ہے ، فضل الرحمان کو اب حساب دینا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ پرچی چیئرمین اپنی والدہ کی کتاب پڑھ لیں۔

مزیدخبریں