کوئٹہ : معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت بلوچستان کی ترقی میں مصروف عمل ہے، عمران خان عوام کی خواہشات کی تعبیر بن رہے ہیں۔
پریس کلب میں کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہ بلوچستان میں امن و امان کے قیام میں کوئٹہ پریس کلب کی بہت قربانیاں ہیں۔ بلوچستان ملک کے دیگر ترقی یافتہ علاقوں کی صف میں شامل ہو گا۔ وزیراعظم عمران خان بلوچستان کی ترقی کو پاکستان کی ترقی قرار دیتے ہیں۔ وفاقی حکومت بلوچستان کی ترقی میں مصروف عمل ہے. وزیراعظم عمران خان ڈیووس میں ملاقاتوں میں قومی بیانیے کو اجاگر کر رہے ہیں، وزیراعظم نے واضح کیا کہ پاکستان کسی کی جنگ کا حصہ نہیں بنے گا،وزیراعظم عمران خان عوام کی خواہشات کی تعبیر بن رہے ہیں۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ دنیا میں پاکستان کی لیڈر شپ کو عزت ا ور پذیرائی مل رہی ہے،وزیراعظم نے سب سے کم خرچے میں ڈیووس فورم میں شرکت کی، بارش اور برفباری سے نقصانات اٹھانے والوں کی بحالی کیلئے ریلیف پیکج کا اعلان کیا گیا ہے، بارش اور برفباری میں جاں بحق ہونے والے ہر فرد کے خاندان کو 5,5لاکھ روپے دیئے جائیں گے، زخمی ہونے والے ہر فرد کو پچاس پچاس ہزار روپے دیئے جائیں گے۔ بارش اور برفباری سے متاثر ہونے والے گھروں کو پچاس پچاس ہزار روپے دیئے جائیں گے، انفراسٹرکچر کی بحالی کیلئے صوبائی حکومت سے مل کر کام کریں گے۔