لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے ڈیووس میں کشمیر کا سفیر ہونے کا حق ادا کر دیا ہے۔ایک بیان میں فیاض الحسن چوہا ن نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر پر وزیر اعظم کی سفارت کاری پوری دنیا کو متوجہ کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے دنیا کو بتادیا ہے کہ پاکستان امن کا داعی ہے، اب وہ کسی جنگ کا حصہ نہیں بنے گا۔فیاض چوہان نے بتایا کہ نئے پاکستان کی پہچان سیاحت کے مواقع اور سرمایہ کاری کا سازگار ماحول ہے۔
خیال رہے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایک مرتبہ پھر کشمیر کے تنازع پر ثالثی کی پیش کش کے ایک روز بعد ہی وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا کہ اقوامِ متحدہ اور امریکا کو جوہری ہتھیاروں سے لیس دو ممالک پاکستان اور بھارت کے درمیان تناؤ کو اس نہج پر پہنچنے سے روکنے کے لیے ’لازمی کوششیں‘ کرنی چاہیئیں جہاں سے واپسی کا کوئی راستہ نہ ہو۔