جوہانسبرگ : انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز فاسٹ باﺅلر سٹورٹ براڈ نے کہا ہے کہ وہ جنوبی افریقن ٹیم کے خلاف چوتھے اور آخری ٹیسٹ میچ میں بھی عمدہ کارکردگی کی بدولت ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ وہ مکمل طور پر فٹ اور بھرپور فارم میں ہیں اور اپنی ٹیم کو پروٹیز کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں فتح دلانے کے لئے پرعزم ہیں۔ انگلینڈ نے تیسرے ٹیسٹ میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے میزبان پروٹیز ٹیم کو ایک اننگز اور 53 رنز سے شکست دیکر چار میچوں کی سیریز 2-1 کی برتری قائم کی تھی۔
دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا تیسرا ٹیسٹ میچ کل سے جوہانسبرگ میں شروع ہوگا۔ اپنے ایک بیان میں سٹورٹ براڈ نے کہا کہ وہ جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں اپنی کارکردگی سے مطمئن ہیں، انہوں نے کہا کہ انکی ٹیم میزبان ٹیم کو چوتھے اور آخری میچ میں بھی شکست دیکر سیریز 3-1 سے اپنے نام کریگی، جس کے لئے ہم نے حکمت عملی تیار کر رکھی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آخری ٹیسٹ میں کامیابی کے لئے مربوط حکمت عملی کے تحت میدان میں اتریں گے۔ ایک سوال کے جواب میں براڈ نے کہا کہ جیمز اینڈرسن کی ٹیم کو بہت کمی محسوس ہوئی تاہم اس سے ٹیم کی کارکردگی میں کوئی فرق نہیں پڑا۔
انہوں نے کہا کہ ٹیم میں ایسے کھلاڑی موجود ہیں جو کسی بھی وقت میچ کا پانسہ پلٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔