ڈیووس: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے معروف موبائل کمپنی ایپل پر زور دیا ہے اسے مقفل آئی فونز تک رسائی دے کر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مدد کرنی چاہیے۔
عالمی اقتصادی فورم میں شرکت کے لیے سوئٹزرلینڈ کے شہر ڈیووس میں موجود امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا کہ ایپل کے پاس جرائم پیشہ افراد اور مجرمانہ ذہنوں کی چابی موجود ہے جس کے ذریعے ہم ان جرائم پیشہ افراد کا پتہ لگا سکتے ہیں۔
ٹرمپ نے کہا کہ میں اس کے حق اور مخالفت میں پیش کیے جانے والے دلائل کو سمجھتا ہوں تاہم ہمیں بُرے لوگوں کو اپنی گرفت میں لانا شروع کرنا چاہیے اور ہم یہ کام ایپل کے ساتھ مل کر سکتے ہیں اور میرے خیال میں یہ بہت اہم ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ چار برس کے دوران فائرنگ کے واقعات پر دوسری بار ایپل اور امریکی حکومت مقفل آئی فونز تک رسائی کے معاملے پر آمنے سامنے آ گئے ہیں جس کے بعد یہ بحث دوبارہ شروع ہو گئی ہے کہ آیا قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مقفل ڈیوائسز تک رسائی حاصل ہونی چاہیے یا نہیں۔
امریکی اٹارنی جنرل نے گزشتہ دنوں اپنے بیان میں کہا تھا کہ ایپل نے گزشتہ برس دسمبر میں فلوریڈا کے نیول اسٹیشن میں فائرنگ کے واقعے میں تین امریکی ملاحوں کی ہلاکت کے سلسلے میں ہونے والی تحقیقات میں تعاون نہیں کیا اور دو آئی فونز تک رسائی نہیں دی۔
تاہم ایپل کا کہنا ہے کہ درخواست موصول ہوتے ہی کمپنی نے مذکورہ فونز کے آئی کلاؤڈ کا ڈیٹا فراہم کردیا تھا۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے مزید کہا کہ ’آپ منشیات فروشوں، دہشتگردوں یا پھر قاتلوں سے نمٹ رہے مجھے اس کی پرواہ نہیں، ہمیں بس یہ معلوم کرنا ہے کہ آخر چل کیا رہا ہے‘۔
خیال رہے کہ ایپل کی پالیسی ہے کہ وہ اپنے صارف کی پرائیوسی کا خیال رکھتے ہوئے موبائل فونز تک کسی اور کو رسائی نہیں دیتا تاہم قانون نافذ کرنے والے اداروں کا مطالبہ ہے کہ سنگین جرائم کے معاملے میں آئی فون تعاون کرے۔
البتہ یہ خبریں بھی سامنے آئی ہیں امریکا کی فیڈرل بیورو آف انویسٹی گیشن (ایف بی آئی) مختلف سافٹ ویئرز کی مدد سے حالیہ دنوں میں دو آئی فونز 11 پرو کو ان لاک کرچکی ہے۔