کراچی:میگا منی لانڈرنگ کیس میں سابق صدر آصف زرداری اور فریال تالپور کی عبوری ضمانت میں 14 فروری تک توسیع کر دی گئی۔ سابق صدر آصف علی زرداری ان کی بہن فریال تالپور و دیگر ملزمان آج عدالت میں پیش ہو ئے۔
منی لانڈرنگ کیس کی سماعت کے دوران ایف آئی اے پراسیکیوٹر ممتاز الحسن و دیگر حکام عدالت میں پیش ہوئے۔
آج آصف زرداری اور فریال تالپور کی ضمانت قبل از گرفتاری کا آخری روز تھا اور ملزمان کی عبوری ضمانتوں میں مزید توسیع کا فیصلہ ہونا تھا اور آج عدالت نے آصف زرداری اور فریال تالپور کی عبوری ضمانت میں 14 فروری تک توسیع کر دی
ایف آئی اے پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ تفتیش چل رہی ہے اور معاملہ نیب کومنتقل ہو رہا ہے۔ حتمی تفتیش تک ضمانتوں پر کارروائی روک دی جائے۔ وکیل نے کہا انور مجید اور عبدالغنی مجید کو ضمانت دی جائے کیونکہ سپریم کورٹ کا فیصلہ آچکا۔ حکم امتناع فعال نہیں اور ایف آئی اے سے حتمی چالان طلب کیا جائے۔
عدالت نے مقدمے میں نامزد تمام ملزمان کو آج پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔ اس موقع پر بینکنگ کورٹ کے اطراف سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔
آصف علی زرداری اور فریال تالپور کی آمد سے قبل پیپلز پارٹی کے جیالوں کا بینکنگ کورٹ پہنچنے کا سلسلہ شروع ہو گیا تھا۔