قصور :پولیس ذرائع نے زینب قتل کیس کا ملزم گرفتار کر نے کا دعویٰ کیا ہے ۔پولیس ذرائع کے مطابق زینب سے زیادتی کا ملزم اس کا ہمسایہ ہے جو روڈ کوٹ کا رہائشی ہے . ملزم کا نام عمران ہے ۔
ملزم کی گرفتاری میں ڈی پی او قصور زاہد مروت نے اہم کردار ادا کیا ہے ۔پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ تفتیش مکمل ہونے کے بعد گرفتار ملزم کی گرفتار ی کا باقاعدہ اعلان کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق پولیس نے پہلے ملزم کو حراست میں لیا تھا، تاہم زینب کے رشتے داروں نے اس شخص کو چھڑوا دیا تھا.لیکن ڈی این اے کے میچ ہونے کے بعد پولیس نے عمران کو دوبارہ حراست میں لے لیا ہے ۔ پولیس نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ ملزم نے اعتراف جرم بھی کر لیا ہے ۔
زینب قتل کیس ملوث ملزم عمران کی گرفتاری کے بعد اس کے گھر سے سارا خاندان غائب ہے زینب کے ہمسایے کے گھر کو تالے لگے ہوئے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے پولیس نے ملزم کے پورے خاندان کو بھی نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے۔
زینب کا اغواء اور قتل:
یاد رہے کہ پنجاب کے ضلع قصور سے اغوا کی جانے والی 7 سالہ بچی زینب کو زیادتی کے بعد قتل کردیا گیا تھا، جس کی لاش 9 جنوری کو ایک کچرا کنڈی سے ملی تھی۔
زینب کے قتل کے بعد ملک بھر میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی اور قصور میں پرتشدد مظاہرے پھوٹ پڑے جس کے دوران پولیس کی فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔
بعدازاں چیف جسٹس پاکستان اور چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے واقعے کا از خود نوٹس لیا تھا۔
تحقیقات کے سلسلے میں قصور میں 100 سے زائد افراد کے ڈی این اے بھی لیے جاچکے ہیں۔