نیب ریفرنسز، شریف خاندان کے خلاف مزید 2 گواہوں کے بیانات قلمبند

11:32 AM, 23 Jan, 2018

اسلام آباد: اسلام آباد کی احتساب عدالت میں شریف خاندان کے خلاف 3 نیب ریفرنسز کی سماعت ہوئی جہاں استغاثہ کے مزید 2گواہوں کے بیانات قلم بند کیے گئے جبکہ تیسرے گواہ کا مکمل بیان ریکارڈ نہ ہوسکا۔ احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے نواز فیملی کے خلاف دائر 3 نیب ریفرنسز کی سماعت کی۔ العزیزیہ ریفرنس کی آج 25 ویں، فلیگ شپ انویسٹمنٹ ریفرنس کی 22 ویں اور لندن فلیٹس ریفرنس کی 21 ویں سماعت تھی۔

سماعت کے دوران 2 گواہان نجی بینک کے آفیسرز غلام مصطفیٰ اور یاسر شبیر کے بیانات ریکارڈ کیے گئے جبکہ تیسرے گواہ آفاق احمد کا مکمل بیان ریکارڈ نہیں ہوسکا۔ گواہ آفاق احمد نے عدالت کو بتایا کہ سپریم کورٹ سے ابھی تک ریکارڈ موصول نہیں ہوا۔  سماعت کے بعد احتساب عدالت نے نواز شریف اور دیگر کے خلاف ریفرنس کی سماعت 30 جنوری تک ملتوی کردی۔

یاد رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف آج 14ویں مرتبہ احتساب عدالت کے رو برو پیش ہوئے جبکہ ان کی صاحبزادی مریم نواز کی یہ 16 ویں اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی یہ 18 ویں پیشی تھی۔ وزیراعظم آج سماعت کے بعد میڈیا سے بات چیت کیے بغیر ہی روانہ ہو گئے۔

 نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

مزیدخبریں