اسلام آباد: مغربی خبر رساں ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا امریکا کو خبردار کیا ہے کہ اگر امداد روکی گئی تو دہشت گردوں سے لڑنے سے متعلق پاکستان کی صلاحیت متاثر ہو گی اور پھر ان دہشت گردوں سے امریکا کو لڑنا پڑے گا۔
انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ جن خیراتی اداروں پر امریکا نے پابندی لگائی ہے ان کا کنٹرول حکومت سنبھال لے گی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ دورہ امریکا میں انہوں نے صدر ٹرمپ کو گرم جوش پایا۔ وہ ایک ایسے شخص ہیں جن سے بات چیت کی جاسکتی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ صدرٹرمپ کے ٹوئٹ کا کوئی رسمی مطلب نہیں تاہم جس لہجہ میں بات کی گئی وہ ناقابل قبول ہے۔ ہم نے انسداد دہشت گردی کے لیے امریکی لاجسٹکس کو آزادانہ نقل و حمل کی اجازت دی۔ اگر پابندیاں لگائی جاتی ہیں، اتحادی معاونت فنڈکی ادائیگی نہیں کی جاتی تو اس سے دہشت گردی کے خلاف لڑنے کی ہماری صلاحیت کمزور ہو گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ امریکا کو یہ تسلیم کرنا چاہیے اور جن دہشتگردوں سے ہم نہیں لڑیں گے ان سے امریکا کو لڑنا پڑے گا۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں