ریاض :سعودی عرب کی ایک باہمت طالبہ نے ڈرائیور کے سوجانے پر چلتی بس کو کنٹرول کرکے المناک حادثے سے بچاتے ہوئے اس میں سوار 55 طالبات کی زندگی بچالی۔میڈیارپورٹس کے مطابق اسکول کی طالبات کی زندگی بچانے میں ان کی مدد کرنے والی اسکینڈری اسکول میں تیسری سال کی سعودی طالبہ فاطمہ نے بتایا کہ یہ واقعہ مکہ مکرمہ گورنری میں اس وقت پیش آیا جب وہ اور دیگر پچپن طالبات امتحان کے بعد اپنے گھروں کو لوٹ رہی تھیں۔
وہ سب ایک بس میں سوار تھیں جسے ایک پاکستانی ڈرائیور چلا رہا تھا۔فاطمہ نے بتایا کہ ڈرائیور بہت زیادہ تھکا ہوا تھا اور اس پرنیند کا غلبہ تھا۔ اس دوران اچانک بس سڑک سے ہٹنے لگی اور اس کا رخ ایک قریبی الیکٹرک روم کی طرف تھا۔ فاطمہ کا کہناتھا کہ وہ صحرائی سفر کے دوران گاڑی چلانے کی تھوڑی بہت سوجھ بوجھ رکھتی تھی۔
اس لیے جب اس نے بس کو اپنے ٹریک سے ہٹتے دیکھا تو فوری لپک کر بس کو کنٹرول کیا اور اسے آگے چلانے کے بجائے عقبی گیر پر واپس کیا تاکہ بس بجلی کے کھمبے کے ساتھ ٹکرا کر رک جائے اور کسی بڑے حادثے سے محفوظ رہے۔فاطمہ کی کوشش سے بس عقبی سمت میں بجلی کے ایک پول سے ٹکرا کر رک گئی ۔
مکہ مکرمہ کے محکمہ تعلیم کی جانب سے فاطمہ اور ایک دوسری طالبہ کو طالبات کو حادثے سے بچانے کے اقدام پرانہیں اعزازی سرٹیفکیٹ بھی جاری کیے گئے ہیں جس میں ان کی بروقت کوشش کی تعریف کی گئی ہے۔
پاکستانی ڈرائیور کی آنکھ لگ گئی،سعودی طالبہ نے 55 زندگیاں بچالیں
01:12 PM, 23 Jan, 2017