ڈیرہ اسمعٰیل خان : سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسمعٰیل خان میں دو کامیاب کارروائیاں کیں، جن کے نتیجے میں سات خارجی دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، یہ کارروائیاں خفیہ اطلاعات پر کی گئیں۔
پہلی کارروائی درابن کے علاقے میں کی گئی، جہاں سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر نشانہ بنایا اور اس کارروائی میں چار دہشت گرد مارے گئے۔ دوسری کارروائی مدی کے علاقے میں کی گئی، جس میں تین مزید دہشت گرد ہلاک ہوئے۔
پاک فوج کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے۔ سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردی کے خاتمے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی کوششیں ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے جاری رہیں گی۔
یہ کارروائیاں 21 فروری کو کرک میں ہونے والی کارروائی کے بعد ایک اور اہم کامیابی ہیں، جس میں چھ دہشت گرد مارے گئے تھے۔
پاکستانی سیکیورٹی فورسز کی جانب سے دہشت گردوں کے خلاف موثر کارروائیاں جاری ہیں، جو ملک میں امن و سکون کے قیام کے لیے اہم پیشرفت ہے۔
وزیر داخلہ محسن نقوی کا سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیوں کو سراہتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ فورسز نے بروقت کارروائی کر کے 7 خوارج کو جہنم واصل کیا اور ان کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا۔ وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ قوم سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں پر فخر کرتی ہے۔